اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں 10 لاکھ سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے 1970 کے بعد ملک کی تاریخ میں زمینوں کی منتقلی کا سب سے بڑا اقدام قرار دیا ہے، حکومت اور سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عوام کو ریلیف دیں۔
کراچی میں سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں 10 لاکھ خاندانوں کو رہائشی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں جاری تاریخی مہنگائی کے اس سخت دور میں سندھ کے عوام کو حقیقی تحفظ اور سہارا فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ چاہے کوئی بھی صوبہ ہو، عوام اپنے مسائل کے حل اور ریلیف کے لیے اپنی حکومتوں کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں اور سندھ حکومت اپنے شہریوں کی توقعات پر پورا اتر رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ 10 لاکھ گھروں کی یہ تعمیر وفاقی حکومت اور عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے ممکن بنائی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ یہ صرف چھت یا گھروں کی فراہمی کا معاملہ نہیں، بلکہ اس منصوبے کے ذریعے ان تمام متاثرہ خاندانوں کو باقاعدہ طور پر ان کی اپنی زمینوں کا مالک بنایا گیا ہے۔ان کے بقول یہ قدم پاکستان کی تاریخ میں سال 1970 کے بعد زمینوں کی منتقلی کا سب سے بڑا اور انقلابی منصوبہ ہے، جس سے غریب اور بے گھر افراد کو مستقل بنیادوں پر سماجی و اقتصادی تحفظ حاصل ہوا ہے۔اپنے خطاب میں پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ نے گزشتہ دنوں تاریخ کے بدترین اور انتہائی تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا، جس سے لاکھوں لوگ بے گھر اور سڑکوں پر آ گئے۔
اسی چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے حکومت نے متاثرین کی بحالی کا عزم کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 20 لاکھ گھر بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، تاکہ ہر متاثرہ خاندان کی دوبارہ آبادکاری یقینی بنائی جا سکے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت ملک جن شدید معاشی مشکلات اور مالی بحران سے گزر رہا ہے، ان حالات کے باوجود اتنے بڑے اور بین الاقوامی معیار کے منصوبوں کی کامیابی سے تکمیل انتہائی خوش آئندہ اور قابلِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکلات اور مصائب کا شکار خاندانوں کو گھروں کی فراہمی سندھ حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے، جو عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دیں، بلاول بھٹو زرداری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
