ہومتازہ ترینایس ای او سمٹ سے قبل ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور زیر تعمیر منصوبے مکمل کرنے کا فیصلہ

ایس ای او سمٹ سے قبل ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور زیر تعمیر منصوبے مکمل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو بہتر بنانے اور شہر کو معزز غیر ملکی مہمانوں کے استقبال کے لیے تیار کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایس ای او سمٹ سے قبل اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلوں کی تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں اور ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطہ رکھ کر ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور معیار میں بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ مقامی ہوٹلوں کو بین الاقوامی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے بھی روابط قائم کیے جائیں تاکہ ہوٹلوں کا معیار عالمی سطح کے مطابق بنایا جا سکے۔

اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا شاپنگ مال بھی تیار کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے بین الاقوامی ہوٹل چین کی مشاورت سے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں ہاسپٹیلٹی سیکٹر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے متعلقہ تربیتی اداروں کے تعاون سے خصوصی کورسز شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور کہا کہ نئے ہوٹلوں کے فعال ہونے پر تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس کے دوران کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایس ای او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور آنے والے معزز مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔