ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کا این فائیو تا ایم ون توسیعی و سنگجانی انٹرچینج منصوبے کا دورہ

چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کا این فائیو تا ایم ون توسیعی و سنگجانی انٹرچینج منصوبے کا دورہ

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے متعلقہ سنئیر افسران کے ہمراہ مارگلہ ایونیو این فائیو تا ایم ون توسیعی و سنگجانی انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا اور مارگلہ ایونیو این فائیو تا ایم ون توسیعی و سنگجانی انٹرچینج منصوبے کے مختلف سیکشنز کا تفصیلی جائزہ و معائنہ کیا۔

متعلقہ سنئیر افسران نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کو اس منصوبے پر ابتک ہونے والی پیشرفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبہ کے مختلف سیکشنز پر 24/7 تعمیراتی سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر بھرپور طریقے سے جاری ہیں ۔ مجموعی طور پر اس منصوبے پر ابتک 35 فیصد ترقیاتی کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ اس منصوبے میں مرکزی شاہراہ کی کشادگی، توسیع (ایکسٹینشن)تقریبا 2 اعشاریہ7 کلومیٹر لمبائی پر تیزی سے کام کیا جارہا ہے جبکہ مرکزی شاہراہ کیساتھ سروس روڈ پر بھی تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سنگجانی انٹرچینج منصوبے میں شامل انڈر پاس کا سٹرکچرل ورک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ اسی طرح این فائیو انٹرچینج بریج پر دونوں اطراف ابیٹمنٹس کا پائل ورک مکمل کرلیا گیا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ اس منصوبے میں شامل چار کلورٹس کا کام مکمل کر لیا گیا جبکہ ایک کلورٹس پر کام جاری ہے جبکہ منصوبے میں شامل تمام لوپس اور ریمپس پر بھی دن رات تیزی سے کام کیا جارہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر سہیل اشرف نے اسلام آباد کا مارگلہ ایونیو این فائیو تا ایم ون توسیعی و سنگجانی انٹرچینج منصوبے میں ابتک کئے گئے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے تمام حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں معیار کیساتھ رفتار اور شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے اندرون و بیرون شہر سفر کرنے بالخصوص خیبر پختونخوا سے آنے والے شہریوں کو اسلام آباد تک آسانی سے رسائی حاصل ہوگی۔ اسی طرح ایبٹ آباد، مانسرہ اور دیگر شہروں سے آنے والوں کیلئے یہ منصوبہ ایک گیٹ وے کے طور پر ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والے شہریوں کو بھی اس منصوبے سے نمایاں سہولت ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔