اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف 10نومبر کو اقوام متحدہ کی عالمی ماحولیاتی کانفرنس کوپ 31میں شرکت کے لیے ترکیہ روانہ ہوں گے، جہاں ان کی مختلف عالمی رہنماوں سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم 13 نومبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور بعض وفاقی وزرا بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
وزیراعظم کی کانفرنس کے موقع پر بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی اور عالمی صورت حال، خصوصا مشرق وسطی میں جاری تنازع اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دیگر شریک رہنماں سے بھی دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت متوقع ہے۔ترکیہ 9 سے 20 نومبر تک کوپ 31کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے، جبکہ عالمی رہنماوں کا سربراہی اجلاس 11اور 12 نومبر کو انطالیہ میں ہوگا۔ ترک صدر رجب طیب اردوان اس اجلاس کی میزبانی کریں گے۔
کانفرنس میں مختلف ممالک کے سربراہان، حکومتی نمائندے، ماحولیاتی مذاکرات کار اور عالمی اداروں کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ماحولیاتی مالی معاونت، صاف توانائی کی جانب منتقلی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے باضابطہ وفد بھیجنے کا امکان نہیں، تاہم امریکی کانگریس کے ارکان اور کاروباری نمائندے شریک ہو سکتے ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع نہیں اور بھارت وزارتی سطح کا نمائندہ بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ترکیہ میں پاکستان کی نئی سفیر آمنہ بلوچ بھی وزیراعظم کے دورے کے انتظامات کی نگرانی کے لیے انطالیہ میں موجود ہوں گی۔
