ہومپاکستانبنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے، سکیورٹی ذرائع

بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4دہشت گرد ہلاک ہوگئے، سکیورٹی ذرائع

پشاور (سب نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سکیورٹی فورسزکی عزم استحکام ویژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا جبکہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ ضلع بنوں میں گزشتہ چند ماہ کے دوران دہشت گردی کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں، جہاں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

رواں سال 17 جولائی کو سکیورٹی فورسز نے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے دوران 24 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ یہ کارروائیاں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے بعد شروع کی گئی تھیں۔اس سے قبل 24 مئی کو بنوں کے علاقے میریان میں پاک فوج، پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے مشترکہ آپریشن میں دو کمانڈروں سمیت 16 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔