ہومپاکستانپاکستان اور ترکیہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کریں، ترک سفیر

پاکستان اور ترکیہ برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کریں، ترک سفیر

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کو اپنے تاریخی برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے باہمی تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا کی رہائش گاہ پر ان کے والد کے انتقال پر تعزیت اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کے موقع پر کیا۔

ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے دفاعی تعلقات انتہائی مضبوط ہیں، تاہم دونوں ممالک کو تجارتی اور سرمایہ کاری روابط مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں کے درمیان براہ راست روابط کے فروغ کے لیے شعبہ جاتی کاروباری وفود کے تبادلوں کی تجویز دی اور اس سلسلے میں ترک سفارت خانے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر آئی سی سی آئی کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بہتر علاقائی رابطوں، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صنعتی تعاون کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ریلوے رابطے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا اور پاکستانی مصنوعات کی علاقائی و عالمی منڈیوں تک ترسیل کے لیے ایک مثر تجارتی راہداری میسر آئے گی۔

انہوں نے ویسٹ ری سائیکلنگ اور کچرے سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں میں ترکیہ سے تکنیکی تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان سستی توانائی پیدا کرنے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی اور ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل پر بھی قابو پا سکتا ہے۔ترکیہ کے کمرشل قونصلر اینس ملک چیتن، آئی سی سی آئی کے نائب صدر محمد وقاص خان سواتی، سینئر رکن مظہر حسین تھتھال اور لیاقت علی تھتھال نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، کاروباری روابط اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔