اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا 21 اکتوبر کا آرڈر اور انتخابی شیڈول اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
چوہدری امجد علی کی جانب سے بیرسٹر عادل عزیز قاضی نے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرانی حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت کا تعین کیے بغیر الیکشن نہیں کرایا جا سکتا۔ اسلام آباد بلدیاتی اداروں کی قانونی مدت فروری 2021 میں ختم ہو چکی ہے۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کے مطابق مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا قانونی لازمی ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فیصلے تک الیکشن کے عمل کو معطل یا ملتوی کیا جائے۔ جب تک قانونی تنازع حل نہیں ہوتا، قانونی طور پر نء اور شفاف حلقہ بندیاں کرانے کا حکم دیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، وزارت داخلہ، وزارت قانون اور سی ڈی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا حکم جاری کیا تھا۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ 21 اکتوبر 2026 کے آرڈر اور انتخابی شیڈول کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد کی حلقہ بندیوں کے قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کا تعین بھی کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے 2 نومبر سے 6 نومبر 2026 تک کاغذات نامزدگی کا وقت مقرر کر رکھا ہے۔ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر 2026 کو ہونا ہے۔
درخواست کے مطابق الیکشن کمیشن پرانی حلقہ بندیوں پر انتخابات کروانا چاہتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 12 دسمبر 2024 کو حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کیا تھا۔ 26 دسمبر 2025 کو الیکشن کمیشن نے الیکشن پروگرام کا نیا شیڈول دیا جس میں پولنگ 15 فروری 2026 طے تھی۔ قانونی ڈھانچے میں تبدیلی کے باعث 26 دسمبر 2025 کا الیکشن پروگرام بعد میں واپس لے لیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 9 جنوری 2026 کو لوکل گورنمنٹ ترمیم آرڈیننس نمبر 2 جاری کیا گیا جو 10 جنوری 2026 کو شائع ہوا۔ آرڈیننس کے تحت 3 ٹاون کارپوریشنز اور ملٹی ممبر وارڈز کا فریم ورک تجویز کیا گیا تھا۔ سینیٹ ریکارڈ کے مطابق آرڈیننس کو 7 مئی 2026 کو 120 دن کی توسیع دی گئی جو ستمبر 2026 میں ختم ہو گیا۔
درخواست کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے 3 ستمبر 2026 کو ترمیم بل پاس کرنے کی سفارش کی۔ الیکشن کمیشن نے 25 اگست 2026 کو یوسیز کی حلقہ بندیوں کا ٹائم ٹیبل تبدیل کیا۔ 14 اکتوبر 2026 کی فارم 09 کی حتمی فہرستوں میں 3 ٹان کارپوریشنز کے تحت 130 یونین کونسلیں دکھائی گئیں۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت 125 یونین کونسلیں اور 1125 جنرل وارڈز کا نظام موجود تھا۔
اسلام آباد بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن کا 21اکتوبر کا آرڈر اور انتخابی شیڈول ہائیکورٹ میں چیلنج
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
