ہومپاکستانبحریہ ٹاون پشاور کیس میں اہم پیشرفت، 6ارب 40کروڑ روپے کی جائیداد منجمد کرنے کی توثیق

بحریہ ٹاون پشاور کیس میں اہم پیشرفت، 6ارب 40کروڑ روپے کی جائیداد منجمد کرنے کی توثیق

پشاور(سب نیوز) احتساب عدالت نے بحریہ ٹاون پشاور کے نام پر مبینہ طور پر غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کے قیام کے لیے خریدی گئی 6 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد منجمد کرنے سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب)کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت کے جج حامد مغل نے نیب کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ عدالت نے جائیداد منجمد کرنے کے اقدام کی توثیق کرتے ہوئے متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور دیگر حکام کو جائیداد کے تحفظ کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کردیے۔سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ بحریہ ٹاون پشاور کی انتظامیہ نے مبینہ طور پر 3 مختلف کمپنیوں کے ساتھ مل کر عوام کو دھوکہ دیا اور ہاوسنگ سوسائٹی کے نام پر 91 ہزار 48 افراد کو فارم فروخت کیے۔
سماعت کے دوران نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ہر فارم 70 ہزار روپے میں فروخت کیا گیا، جبکہ ہاوسنگ سوسائٹی کی تعمیر کے لیے متعلقہ محکموں سے کوئی این او سی بھی حاصل نہیں کیا گیا تھا۔نیب کے مطابق مبینہ طور پر غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کے نام پر عوام سے مجموعی طور پر 6 ارب 40 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے مذکورہ جائیداد منجمد کرنے کے اقدام کی توثیق کردی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔