ہومبریکنگ نیوزلاہور آج پھر فضائی آلودگی میں دنیا بھرمیں پہلے نمبر پہنچ گیا

لاہور آج پھر فضائی آلودگی میں دنیا بھرمیں پہلے نمبر پہنچ گیا

لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہوگئی، شہر ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک سطح تک پہنچ گیا ہے۔
عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کا اے کیو آئی 238 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ میں صبح 6 بجے یہ سطح 285 تک پہنچ گئی۔

آئی کیو ایئر کی عالمی درجہ بندی کے مطابق بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی 214 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے، ویتنام کا شہر ہنوئی 188 کے ساتھ تیسرے اور عراق کا شہر بغداد 169 کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان کا سب سے بڑا شہر کراچی 166 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

پنجاب ایئر کوالٹی انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز صبح 6 بجے اے کیو آئی 229 ریکارڈ کیا گیا تھا، جو آج بڑھ کر 285 ہوگیا، اس اضافے کے بعد شہر میں فضائی آلودگی کی سطح غیر صحت بخش قرار دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال مزید تشویش ناک ہے، شاہدرہ میں اے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جو انتہائی بلند سطح ہے، جبکہ واہگہ بارڈر پر 366، ملتان روڈ پر 335 اور برکی روڈ پر 306 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا۔

فضائی آلودگی میں اضافے سے شہریوں، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس یا دل کے امراض میں مبتلا افراد کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آلودہ فضا میں زیادہ دیر رہنے سے آنکھوں میں جلن، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسی علامات پیدا ہوسکتی ہیں۔

ماہرین صحت کی عمومی ہدایات کے مطابق شہری غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، کھلی فضا میں سخت جسمانی مشقت محدود رکھیں اور ضرورت کے وقت مناسب حفاظتی ماسک استعمال کریں، بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنی چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔