ہومتازہ ترینایران نے یورپ اور امریکا کو نشانہ بنانے والے میزائل تیار کر لیے: ٹرمپ

ایران نے یورپ اور امریکا کو نشانہ بنانے والے میزائل تیار کر لیے: ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے ایسے میزائل تیار کرلیے جو یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور سان ڈیاگو اور لاس اینجلس سمیت امریکا کے دیگر شہروں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
امریکی ریاست مسیسیپی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران نے امریکا کے خلاف جنگ شروع کی۔

ٹرمپ نے فوجی کارروائی کے معاشی اثرات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ تیل کی قیمتیں اس سے کہیں زیادہ بڑھ جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس اقدام کے لیے پوری طرح تیار تھے کیونکہ امریکا کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا اور یہ کارروائی بہت پہلے ہونی چاہیے تھی۔

جنگ بندی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ انہیں یہ انتظام کبھی زیادہ پسند نہیں آیا، امریکا نے جنگ بندی کرکے اچھا بننے کی کوشش کی لیکن ان کے نزدیک یہ محض وقت کا ضیاع ثابت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں ابتدا ہی سے جنگ بندی کا زیادہ حامی نہیں تھا، امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران مشکلات کا شکار ہے، امریکا کی ایران کے خلاف کارروائی ناگزیر تھی، تیل کی قیمتیں توقع کے برعکس اب پہلے سے کم ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ اپنی پہلی صدارتی مدت میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کا خاتمہ کیا، آبنائے ہرمز پر امریکا کا مکمل کنٹرول ہے۔

علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ ایسے شخص کو ایک ملین ڈالر دیے جائیں گے جس کی فراہم کردہ معلومات کے نتیجے میں ووٹر فراڈ کے مقدمے میں سزا ہو۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا میں وسط مدتی انتخابات میں صرف آٹھ روز باقی ہیں اور تین کروڑ ووٹرز پہلے ہی اپنا حق رائے دہی استعمال کر چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے انعامی رقم کے لیے فنڈز کی فراہمی کا طریقۂ کار واضح نہیں کیا، انتخابی جائزوں کے مطابق غیر امریکی شہریوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر ووٹنگ کے واقعات انتہائی کم پائے گئے ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کا یہ اعلان انتخابی عمل کی شفافیت اور ووٹر فراڈ سے متعلق سیاسی بحث کو مزید تیز کر سکتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔