اسلام آباد (سب نیوز)واٹس ایپ ویب اور ای میل کے ذریعے سائبر حملوں کا ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔سرکاری حکام اور حساس معلومات رکھنے والے افراد کے لیے خطرے کی شدت ہائی قرار دی گئی ہے۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور حکام کو سرکاری دستاویز کے نام سے فائل بھیجتے ہیں جس سے کمپیوٹر سافٹ ویئر متاثر ہو رہا ہے، ہیکر کمپیوٹر کا ریموٹ استعمال کر کے پاس ورڈ اور ڈیٹا چوری کر سکتے ہیں۔ایڈوائزری میں سرکاری حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ واٹس ایپ فائلز سرکاری کمپیوٹر پر منتقل نہ کریں۔سرکاری حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ دہری تصدیق اور واٹس ایپ ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فعال کریں، حملے کا شبہ ہو تو ڈیوائس کو فوری نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سے الگ کریں۔
