جہلم میں فیکٹریاں بھی لگیں گی اور خوشحالی بھی آئے گی، حکومت تاجروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: وزیر مملکت خزانہ و ریلوے کا جہلم چیمبر آف کامرس کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری تقریب سے خطاب
جہلم:
وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر حکومت ملکی معیشت ترقی ، صنعتی استحکام اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جس کے تحت ‘سمیڈا’ بورڈ کو ازسرنو تشکیل دے کر فعال بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت کا بنیادی کردار نجی شعبے کی سرپرستی اور آسانیاں پیدا کرنا ہے، اور اسی وژن کے تحت جہلم کے شاندار پوٹینشل، بلند شرحِ خواندگی اور پرامن ماحول کو بروئے کار لا کر اسے خطے کا ایک کامیاب معاشی و کاروباری حب بنایا جائے گا۔
وہ جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جے سی سی آئی) کے نو منتخب عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں صدر انجمن تاجران ملک محمد اقبال، نومنتخب صدر جہلم چیمبر اظہر ڈار، سینئر نائب صدر عبدالغفور بٹ، نائب صدر ندیم خان، سابق صدر زاہد بٹ، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، صنعت کاروں، تاجر برادری اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وزیر مملکت نے نئی قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کاروباری شعبے میں خواتین کے کردار کی تعریف کی۔بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ‘سمیڈا’ کے ذریعے چھوٹے کاروباروں کو فزیبلٹی کی تیاری، فیکٹریوں کے قیام کے لیے فنانسنگ اور ووکیشنل ٹریننگ کی مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور تا راولپنڈی موٹروے کا منصوبہ کھاریاں اور جہلم سے گزرتے ہوئے اگلے دو سے تین سالوں میں مکمل کر لیا جائے گا، جس سے خطے میں صنعتی اور تجارتی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
وزیر مملکت نے جہلم چیمبر پر زور دیا کہ وہ سیالکوٹ کے تاجروں کی طرح باہمی اتحاد، ٹھوس تیاری اور فیکٹس کی بنیاد پر انڈسٹریل اسٹیٹ اور نئے منصوبوں کا ورکنگ پیپر تیار کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تاجر برادری ایک ماہ کے اندر قابلِ عمل فزیبلٹی لائے، وہ نہ صرف اس کی خود نگرانی کریں گے بلکہ اسٹیٹ بینک، ایف بی آر، وزارتِ تجارت اور دیگر وفاقی اداروں میں جہلم کے مفادات کے وکیل بن کر کیس لڑیں گے تاکہ مقامی سطح پر کارخانے لگیں اور نوجوانوں کو اپنے ہی ضلع میں روزگار میسر آئے۔
