اسلام آباد (سب نیوز) — اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (UNESCAP) میں پاکستان کی مستقل نمائندہ سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان کثیرالجہتی نظام، بین الاقوامی تعاون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی رکھتا ہے۔
یہ بات انہوں نے 20 اکتوبر 2026 کو UNESCAP کی مستقل نمائندوں کی مشاورتی کمیٹی کے 426ویں اجلاس میں شرکت کے موقع پر کہی۔ اجلاس میں پاکستان کی اسسٹنٹ مستقل نمائندہ یمن ازہر بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر تمام متعلقہ فریقوں کو پیشگی مبارک باد پیش کرتے ہوئے عالمی سطح پر مکالمے، یکجہتی اور مشترکہ اقدامات کے فروغ میں اقوام متحدہ کے دیرینہ کردار کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بین الاقوامی برادری کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جو ممالک کو باہمی مشاورت، تعاون اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یکجا کرتا ہے۔
سفیر سعدیہ الطاف قاضی نے جامع اور پائیدار ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی تعاون کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچ سکیں اور کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اصولوں کے مطابق عالمی تعاون، علاقائی شراکت داری اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔
پاکستان کا کثیرالجہتی تعاون اور پائیدار ترقی کے لیے عزم غیر متزلزل ہے، سفیر سعدیہ الطاف قاضی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
