ہومتازہ ترینہنزہ کی ایک صدی پرانی تصویری جھلکیاں، سر اورل اسٹین کی نگاہ سے نمائش کا انعقاد

ہنزہ کی ایک صدی پرانی تصویری جھلکیاں، سر اورل اسٹین کی نگاہ سے نمائش کا انعقاد

کریم آباد(سب نیوز) ہنگری سے تعلق رکھنے والے معروف ماہرِ آثارِ قدیمہ اور محقق سر مارک اورل اسٹین کی ہنزہ میں 1900 سے 1930 کے درمیان بنائی گئی تاریخی تصاویر کی نمائش 16 اکتوبر کو کریم آباد، ہنزہ میں منعقد ہوئی، جس میں خطے کی تاریخی، ثقافتی اور قدرتی خوبصورتی کو منفرد انداز میں اجاگر کیا گیا۔سر اورل اسٹین کی تصاویر ہنگری کی اکیڈمی آف سائنسز کی لائبریری کے اسٹین کلیکشن کا حصہ ہیں۔ نمائش کے ذریعے ایک صدی سے زائد عرصے پر محیط ہنزہ کی تاریخ، اس کے قدرتی مناظر اور معاشرتی تبدیلیوں کو تصویری انداز میں پیش کیا گیا۔

نمائش میں سر اورل اسٹین کی تاریخی تصاویر کے ساتھ مقامی فوٹوگرافرز اعجاز کریم اور ثرا ب اللہ بیگ کی جدید تصاویر بھی شامل کی گئیں۔ ان تصاویر میں انہی مقامات کے موجودہ مناظر دکھائے گئے جنہیں اسٹین نے تقریبا ایک صدی قبل اپنے کیمرے میں محفوظ کیا تھا۔ اس تقابل کا مقصد وقت گزرنے کے ساتھ وادی ہنزہ میں آنے والی تبدیلیوں کو نمایاں کرنا اور علاقے کی لازوال قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرنا تھا۔نمائش کا ایک اہم حصہ وادی ہنزہ کے مقامی باشندوں کی تاریخی تصاویر پر مشتمل تھا۔ یہ نایاب پورٹریٹس اس دور کی معاشرتی زندگی، مقامی لوگوں کے رہن سہن اور ثقافتی شناخت کی عکاسی کرتے ہیں، جب کیمرے عام لوگوں کے لیے ایک نایاب اور مہنگی سہولت سمجھے جاتے تھے۔اس منفرد نمائش کے انعقاد میں ہنگری کی اکیڈمی آف سائنسز کے لائبریری اینڈ انفارمیشن سینٹر کے شعب مشرقی علوم کے سربراہ میٹے روٹار نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے تاریخی تصاویر کو ڈیجیٹل شکل میں محفوظ کرنے کے ساتھ انہیں کریم آباد کے شرکا کے سامنے پیش کیا، جس سے ہنزہ کے تاریخی ورثے کو نئی نسل اور مقامی لوگوں تک پہنچانے میں مدد ملی۔نمائش نے تاریخی فوٹوگرافی کے ذریعے ہنزہ کے ماضی اور حال کو ایک ساتھ دیکھنے کا موقع فراہم کیا اور اس امر کو اجاگر کیا کہ تصاویر محض یادگاریں نہیں بلکہ کسی خطے کی تاریخ، ثقافت اور سماجی ارتقا کو محفوظ رکھنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔