اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)نے مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے سبب ریاض کے لیے پروازیں معطل کردیں۔
پروازوں کی عارضی طور پر معطلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے ریاض اور ابہا کے ائیرپورٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ جمعرات 8 اکتوبرکو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دو حملے کیے گئے، جس میں تین سعودی شہری شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، پہلے حملے میں ایئرپورٹ کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ دوسرے حملے کا ہدف سعودی ایئرلائنز کا ایک طیارہ تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تصدیق شدہ ویڈیو میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آگ کے شعلے اور سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔حوثی گروپ نے ریاض کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے توانائی کی تنصیبات پر مزید حملوں کی دھمکی دی اور کارکنوں کو بجلی گھروں اور دیگر تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی۔دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے بتایا کہ ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو روک لیا گیا جبکہ خمیس مشیط کی جانب داغا گیا ایک اور میزائل بھی روکا گیا۔ خمیس مشیط میں ایک اہم فضائی اڈہ موجود ہے۔
حوثی باغیوں کے حملوں کا خدشہ، پی آئی اے نے ریاض کے لیے پروازیں عارضی طور پر معطل کردیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
