ہومپاکستانتاجکستان کا 35واں یومِ آزادی اسلام آباد میں شایان شان انداز میں منایا گیا

تاجکستان کا 35واں یومِ آزادی اسلام آباد میں شایان شان انداز میں منایا گیا

اسلام آباد: تاجکستان کے 35ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں تاجکستان کے سفارتخانے کے زیر اہتمام ایک پروقار استقبالیہ دیا گیا، جس میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ، برادرانہ اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان اور سینیٹر طلحہ محمود سمیت دیگر اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔

پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے استقبالیہ کی میزبانی کی اور مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارتکاروں، اعلیٰ حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور دیگر معزز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران تاجکستان کی آزادی کی 35ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔ مہمانِ خصوصی احسن اقبال، تاجک سفیر یوسف شریف زادہ اور دیگر معزز مہمانوں نے مشترکہ طور پر کیک کاٹا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی مفادات پر مبنی ہیں۔

احسن اقبال نے پاکستان کی جانب سے تجارت، سیاحت، توانائی اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان اچھے اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وقت گزرنے کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ تعاون مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، تاہم تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کو باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔

تقریب میں سفارتی برادری، حکومتی حکام اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط سفارتی اور عوامی روابط کی عکاسی کرتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر تاجکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی بھلائی کے لیے دعائیں کی گئیں، جبکہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔