اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کو نجی شعبے کو ملک کی معیشت کی قیادت کرنے کے لیے مزید مواقع اور سہولتیں فراہم کرنا ہوں گی، جبکہ معیشت کو نئی سمت دینے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
سالانہ مائیکرو فنانس کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم اس بات پر واضح موقف رکھتے ہیں کہ ملکی ترقی میں نجی شعبے کو قائدانہ کردار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیحات میں معیشت کو امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی طرف لے جانا بھی شامل ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ معیشت کی روایتی سرگرمیوں کے ساتھ نئی معیشت بھی انتہائی اہم ہے، جس میں مصنوعی ذہانت، ویب تھری اور بلاک چین جیسی جدید ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں خصوصا فری لانسرز نے گزشتہ مالی سال آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کی برآمدات سے 1.6 ارب ڈالر حاصل کرنے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق تربیت اور دوبارہ تربیت دے کر ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صرف روایتی کوڈنگ تک محدود رکھنے کے بجائے بلاک چین سمیت جدید شعبوں میں مہارت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ عالمی ڈیجیٹل معیشت میں زیادہ مثر کردار ادا کرسکیں۔
نجی شعبے کو ملکی معیشت کی قیادت کا موقع دینا ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
