ہومبریکنگ نیوزآزاد کشمیر ، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا معاملہ جلد حل کرلیں گے، طارق فاروق

آزاد کشمیر ، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا معاملہ جلد حل کرلیں گے، طارق فاروق

مظفرآباد (آئی پی ایس )اسپیکر آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ افتخار گیلانی نوجوان سیاسی رہنما ہیں اور انہوں نے ماضی میں بحیثیت وزیر ڈیلیور کرکے دکھایا، ریاست میں ایکشن کمیٹی کا معاملہ جلد حل کرلیں گے۔

انٹرویو میں چوہدری طارق فاروق نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات، حکومت سازی، اپنی بطور اسپیکر نامزدگی، وزیراعظم کے 100 روزہ منصوبے، کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات، کشمیر کونسل، بھارت کی پالیسی اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی۔

اپنی کامیابی اور حکومت سازی میں کردار کے حوالے سے چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ یہ اللہ کی کرم نوازی ہے اور وہ اپنی پارٹی اور قائد نواز شریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پارٹی کو مکمل اونرشپ دی۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد کے نتیجے میں انہیں یہ ذمہ داریاں ملیں اور یہ عہدے عوام کی خدمت کے لیے ہوتے ہیں۔

ان کے بقول قیادت کا اعتماد اور پارٹی کی اونرشپ ہی آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں وہ مین آف دی میچ ہیں۔چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ ان کا کسی کے ساتھ ایسا کوئی میچ نہیں پڑا۔ راجا فاروق حیدر ان سب میں عمر، عہدے اور مقام کے لحاظ سے سینیئر ہیں اور 2 مرتبہ وزیراعظم رہ چکے ہیں، جبکہ باقی لوگ ایک ہی سطح پر دوست اور ایک ٹیم کی طرح کام کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وہ پہلے مسلم کانفرنس میں اکٹھے کام کرتے رہے اور 2010 کے بعد مسلم لیگ (ن) میں بھی ساتھ کام کیا۔ان کا کہنا تھا کہ بعض دوستوں کے ساتھ طویل عرصے تک کام کرنے اور تربیتی کورسز میں ایک ساتھ جانے سے قربت پیدا ہوجاتی ہے، دنیا اسے جو نام دینا چاہے دے سکتی ہے۔پارٹی کے اندر اختلافات اور شاہ غلام قادر کی ناراضی کے حوالے سے سوال پر اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے کہا کہ شاہ غلام قادر نے پارٹی کی کامیابی کے لیے محنت اور کوشش کی اور وہ اب بھی جماعت کے صدر ہیں۔

انہوں نے کہاکہ افتخار گیلانی کی وزیراعظم نامزدگی پر شاہ غلام قادر نے جس جگہ اور جس انداز میں نے اپنی بات رکھی وہ مناسب نہیں تھا۔ ان کے مطابق شاہ غلام قادر اب بھی ان کے دوست ہیں اور وہ انہیں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ ناراضی کے بجائے اپنوں سے گلہ ہوتا ہے اور وہ گلہ اپنی جگہ ہوسکتا ہے، تاہم ملاقاتیں اور مصافحے ہوچکے ہیں اور انہیں نہیں لگتا کہ یہ گلے دلوں میں باقی رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بعض اوقات بڑی ذمہ داری کا آپ پر نہ آنا بھی ایک نعمت ہوتی ہے، کیونکہ آدمی اپنا کام بہتر طریقے سے کرتا رہتا ہے، تاہم اب وزیراعظم، پارٹی صدر اور دیگر سینیئر ساتھی اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔