اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو نے کوریا کے دفاعی اتاشی کرنل کم جن وو اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کے او آئی سی اے )پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ڈونگ گل اوہ کے ہمراہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور وفد کو یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز، تحقیقی منصوبوں اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ قائداعظم یونیورسٹی میں پاکستان کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ یونیورسٹی نیچرل، بائیولوجیکل اور سوشل سائنسز کے شعبوں میں تعلیم و تحقیق کے حوالے سے نمایاں صلاحیتیں رکھتی ہے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں اسکالرشپس، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلے کے پروگرامز پر خصوصی توجہ دی گئی۔سفیر ہان سنگ ہو نے تعلیمی تعاون سے متعلق مجوزہ اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے قائداعظم یونیورسٹی کے متنوع تعلیمی ماحول کو سراہا۔
انہوں نے یونیورسٹی میں بین الاقوامی طلبہ، بالخصوص کوریائی طلبہ کی موجودگی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون کی حمایت کا اظہار کیا۔اس موقع پر شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرپرسن ڈاکٹر ایاز حسین نے کے او آئی سی اے کے تعاون سے مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے لیے تحقیقی مرکز کے قیام کے حوالے سے جاری تعاون پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں پاکستان اور کوریا کے درمیان مزید تعاون کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ملاقات میں اسکول آف پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرپرسن ڈاکٹر محمد ندیم مرزا اور ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر سمر اقبال بابر بھی موجود تھے۔
