ہومتازہ ترینمری، سکول وین حادثے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ

مری، سکول وین حادثے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن کا فیصلہ

مری:(سب نیوز) مری میں سکول وین میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے کے فوری بعد مری پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس نے پبلک ٹرانسپورٹ کے حفاظتی معیار اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) مری کو ٹریفک انفورسمنٹ بڑھانے جبکہ ضلعی پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس کو مشترکہ طور پر بھرپور کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ڈی پی او مری نے سکول وین حادثے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی میں آتشزدگی کے باعث 25 فیصد سے زائد جھلسنے والے 4 بچوں کو فوری طور پر راولپنڈی کے اسپتالوں میں ریفر کیا گیا ہے جبکہ دو بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور دیگر بچے معمولی جھلسے ہیں۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر کا کہنا تھا کہ مری ٹریفک پولیس کی جانب سے اگست اور ستمبر کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 10,808 گاڑیوں کے خلاف 11,092 چالان کیے گئے اور مجموعی طور پر 1 کروڑ 58 لاکھ 77 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران مسافروں کی اوورلوڈنگ پر 1,682 جبکہ سامان کی اوورلوڈنگ پر 566 گاڑیوں کو چالان کیا گیا۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں غیر محفوظ گیس سلنڈرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 78 چالان، 2 لاکھ 34 ہزار روپے جرمانہ اور 3 مقدمات درج کیے گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ بغیر روٹ پرمٹ 576 جبکہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ 11 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس 215، کم عمر ڈرائیونگ پر 59، بغیر رجسٹریشن 57، بغیر ہیلمٹ 1,956، سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 1,837 اور دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 1,764 چالان کیے گئے۔ ٹریفک کی روانی متاثر کرنے پر لائن اور لین کی خلاف ورزی پر 673، ٹریفک میں رکاوٹ پر 208 اور غلط پارکنگ پر 193 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔

ڈی پی او مری نے ضلعی اور ٹریفک پولیس کو اسکول وینز اور پبلک ٹرانسپورٹ کی خصوصی چیکنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اوورلوڈنگ، غیر معیاری گیس سلنڈرز، گاڑیوں کی فٹنس، روٹ پرمٹ اور ڈرائیورز کے لائسنس کی جانچ کو مزید سخت بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کسی بھی گاڑی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات (فائر ایکسٹنگوشر) لازمی رکھنے اور ڈرائیورز کو ان کے استعمال کی تربیت حاصل کرنے کی بھی سخت ہدایت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔