ہومپاکستانچیک جمہوریہ کے قومی دن اور مسلح افواج کے دن کے موقع پر اسلام آباد میں پروقار استقبالیہ

چیک جمہوریہ کے قومی دن اور مسلح افواج کے دن کے موقع پر اسلام آباد میں پروقار استقبالیہ

اسلام آباد (سب نیوز) چیک جمہوریہ کے قومی دن اور مسلح افواج کے دن کی مناسبت سے چیک جمہوریہ کے سفارتخانے کے زیر اہتمام سرینا ہوٹل اسلام آباد میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، سفارتکاروں، سول سوسائٹی کے نمائندوں، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان اور چیک جمہوریہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور چیک جمہوریہ کے درمیان موجودہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے چیک جمہوریہ کے معروف برانڈ باٹا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باٹا کے جوتے ہر بچے کے لیے ایک مانوس نام ہیں، جس کے باعث چیک جمہوریہ کا نام بھی پاکستانی عوام میں معروف ہے۔

انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ وہ خود بھی بچپن میں باٹا کے جوتے پہنتے رہے ہیں اور ان کے والد بھی اپنے بچپن میں یہی جوتے استعمال کرتے تھے۔

وفاقی وزیر نے چیک جمہوریہ کے قدرتی حسن کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ ایک ایسا خوبصورت ملک ہے جہاں وہ بار بار جانا پسند کریں گے۔

اس موقع پر چیک جمہوریہ کے سفیر لادیسلاف شٹائن ہیوبل نے مہمان خصوصی کے مثبت اور دوستانہ خیالات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چیک جمہوریہ کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیک جمہوریہ کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جبکہ دونوں ممالک تجارت، کاروبار اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک، چیک سفیر اور دیگر معزز مہمانوں نے کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔