راولپنڈی (سب نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی افغان جنگ کمیشن کے وفد نے شمائلا این چوہدری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو)میں ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق وفد افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان میں پاکستان کی معاونت، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ کمیشن کے کام سے متعلق نقطہ نظر پر بھی گفتگو ہوئی۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے افغانستان میں تنازع کو تشکیل دینے والی سیکیورٹی صورتحال سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کیا اور افغانستان میں طویل جنگ کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تنازع کے تزویراتی، سفارتی اور عملی پہلوں کا جائزہ لیتے ہوئے علاقائی نقطہ نظر اور پاکستان کے تجربے کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے دیرینہ کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی افغان جنگ کمیشن کے وفد کی ملاقات، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
