اسلام آباد(سب نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین نے بطور نمائندہ یونین ملازمین کے مطالبات پر مشتمل قومی صنعتی تعلقات ایکٹ 2012 کے تحت سی ڈی اے انتظامیہ کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا اس حوالے سے خصوصی تقریب سی ڈی اے سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین سی ڈی اے لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف، ممبر ایڈمن اسفند یار بلوچ،ڈائریکٹر لیبر ریلیشن آصف علی خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ڈی اکرم آرائیں، سی ڈی اے مزدو ر یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین، صدر اورنگزیب خان، سرپرست اعلی حاجی صابر حسین، وائس چیئرمین وارث دلیپ، چیف کورآڈینٹر محمد واجد گجر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اسد محمود، محمد سرفراز ملک، صفدر عباسی، شفیع اللہ خان سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر قائد مزدور سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے کہا کہ مزدور یونین نے قومی صنعتی تعلقات ایکٹ 2012 کے تحت قانونی طور پر ملازمین کے مسائل اور مطالبات پر مشتمل چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا ہے جس میں ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ، رہائشی فلیٹس سمیت مزید رہائشی کالونیوں کی منظوری، ملازمین کے بچوں کی بھرتی، فیلڈ سٹاف کے لیے اوورٹائم اورسائٹ آفس کی فوری منظوری، پیشہ وارانہ صحت و سلامتی کے سامان کی فراہمی، سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات کی اپ گریڈیشن، ملازمت سے متعلق مسائل، موجودہ ملنے والے الاوئنسز میں اضافہ و نئے الانسز کی منظوری، ملازمین کی لائن آف پروموشن کی منظوری، سی ڈی اے ماڈل کالج کی تعمیر، اسکیلوں کی اپ گریڈیشن، نئے آسامیوں کی تخلیق سمیت ملازمین کی فلاح و بہبود اور بہتری کے لیے دیگر مطالبات شامل ہیں، سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور چیئرمین سی ڈی اے اور ممبرا یڈمن کی مثبت سوچ کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ سی ڈی اے انتظامیہ چارٹر آف ڈیمانڈ پر روز مرہ کی بنیادوں پر مشاورت کے عمل کو یقینی بنائے گی اور طے پانے والے مطالبات کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔
سی ڈی اے مزدور یونین وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے ویژن کے مطابق ادارے کی ترقی اور اس شہر کی خوشحالی اور بہتری کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے، لیکن ہمارا چیئرمین سی ڈی اے سے یہ مطالبہ ہے کہ ہنگامی صورتحال میں اوقات کار سے زیادہ کام کرنے والے تمام فیلڈ سٹاف کو فوری اوورٹائم دیا جائے، تمام متعلقہ شعبہ جات جو ملازمین سے اوقات کار سے زائد کام لیتے ہیں وہ اوور ٹائم کی فراہمی کویقینی بنائیں۔ وزیرا عظم پیکج کے تحت ہونے والی بھرتی اور زیر التوا کیسوں کو فوری منظور کیا جائے تاکہ یتیموں اور بیواں کے گھر کا چولہا جل سکے۔ چارٹر آف ڈیمانڈ پر چیئرمین سی ڈی اے نے ممبرایڈمن کو واضح ہدایات جاری کیں کہ روز مرہ کی بنیادوں پر متعلقہ شعبوں کے افسران مزدور یونین کی جوائنٹ ور ک کونسل کے ممبران کے ساتھ میٹینگزکو یقینی بنائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ نمائندہ یونین کے ملازمین کے حوالے سے زیرالتوا مسائل پر تمام متعلقہ شعبوں کو عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے فوری ہدایات جاری کی جائیں تا کہ ملازمین کے مسائل حل ہو سکیں۔
