اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے اپنے اراکین کو مزید بہتر اور عملی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کے تحت آئی سی سی آئی کے احاطے میں نادرا پاسپورٹ کانٹر اور اوورسیز فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیے ہیں، جس کا مقصد کاروباری برادری کو اہم سرکاری خدمات تک آسان اور براہِ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔
نادرا پاسپورٹ کانٹر کا افتتاح وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، سابق صدر آئی سی سی آئی محمد اعجاز عباسی اور دیگر کاروباری رہنماں کی موجودگی میں کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نادرا سید گوہر عباس جعفری اور ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، ہیڈکوارٹرز بھی موجود تھے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آئی سی سی آئی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاسپورٹ کانٹر سے کاروباری برادری کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی اور آئی سی سی آئی کے اراکین اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں گے۔بعد ازاں اوورسیز فسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اراکین قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور مس فرح ناز اکبر، آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندگان کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آئی سی سی آئی کی جانب سے اپنے اراکین کی عملی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولت کاری کے اقدامات کو سراہا اور بالخصوص صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود کی کاروباری برادری کے لیے سہولیات بہتر بنانے کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو سرکاری خدمات اس کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے سے نہ صرف قیمتی وقت کی بچت ہوگی بلکہ غیر ضروری دفتری مراحل اور مشکلات میں بھی کمی آئے گی،
کاروبار دوست ماحول کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ کسی بھی چیمبر کی کارکردگی کا اصل پیمانہ یہ ہے کہ وہ اپنے اراکین کے لیے کتنی آسانی، سہولت اور عملی قدر پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنی وکالت اور نمائندگی کو واضح، عملی اور ممبرز سنٹرک کرنے کے لیے پرعزم ہے اور پاسپورٹ کانٹر اور اوورسیز فسیلیٹیشن ڈیسک کا قیام بھی اسی عزم کا عملی اظہار ہے۔
