اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا 27 ستمبر کا لانگ مارچ کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ثابت ہوا، پارٹی نے مارچ کی کوئی تیاری نہیں کی تھی۔اسلام آباد میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے دہشت گردوں کی مذمت نہیں کرتے، آپ دہشت گردوں کو ختم ہی نہیں کرنا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں سیاسی طور پر انتہائی کمزور ہوچکی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میرے بیان پر کہا گیا کہ ہمارا مارچ، ہماری مرضی، اصل میں نہ ہی تمہارا مارچ ہے اور نہ تمہاری مرضی۔عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اپنی سیاسی ساکھ کھو چکے ہیں اور ان کی اپنی پارٹی کے اندر رٹ ختم ہوچکی ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پوری امت مسلمہ کا مقدمہ لڑا اور مسئلہ فلسطین پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اسرائیل کے مظالم کی کھل کر مذمت کی، پاکستان کے فلسطین کے لیے جذبات صرف الفاظ کی حد تک نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق فلسطین کے نمائندوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر کو سراہا۔عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کی بھی مذمت کی۔
