ہومبریکنگ نیوزپاکستان سے بات چیت چاہتے ہیں، سعودی عرب مسائل کے حل میں کردار ادا کر سکتا ہے، افغان طالبان

پاکستان سے بات چیت چاہتے ہیں، سعودی عرب مسائل کے حل میں کردار ادا کر سکتا ہے، افغان طالبان

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے کہا ہے کہ افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہو رہی ، پاکستان سے بات چیت اور تعاون جاری رکھنا چاہتے ہیں، توقع ہے سعودی عرب اس معاملے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

العربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان پاکستان سے بات چیت اور تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے، تنازعات حل کرانے کے لیے سعودی عرب سمیت تمام ممالک کی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

طالبان ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کے دل میں بھی سعودی عرب اور دونوں مقدس مساجد کے لیے بہت محبت اور احترام ہے، امید ہے سعودی حکام افغانستان اور پاکستان کے درمیان موجود مسائل کو حل کرنے میں مدد کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر پاکستان نے افغانستان کے اندر حملے کیے تو افغانستان اپنی خودمختاری کا دفاع کرے گا۔
طالبان ترجمان نے کہا کہ کابل تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو افغان سرزمین سے کارروائیاں کرنے کی اجازت نہیں دیتا اور نہ ہی ایسے مسلح گروہوں کی حمایت کرتا ہے جو دوسرے ممالک کو نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے سکیورٹی مسائل کا الزام افغانستان پر عائد کرنے کے بجائے انہیں اندرونی طور پر حل کرنا چاہیے۔ ٹی ٹی پی اور بلوچ گروہوں کی بدامنی افغان طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے بھی پہلے موجود تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان بارہا واضح کر چکا ہے کہ افغانستان سے ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو، افغان طالبان پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والی بھارتی پراکسیز اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔