اسلام آباد(سب نیوز)روانڈا ہائی کمیشن پاکستان نے آئندہ 23 سے 25 ستمبر تک کیگالی میں ہونے والے روانڈا پاکستان سرمایہ کاری فورم میں شرکت کے لیے پاکستانی کاروباری وفد کے دورہ روانڈا کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے روانڈا کی پاکستان میں ہائی کمشنر ہز ایکسی لینسی ہاریرمانا فاتو نے خطاب کیا، جبکہ پاکستان افریقہ اکنامک کونسل کے سرپرست اعلی سفیر حامد اصغر خان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
پاکستانی کاروباری وفد میں ملک کی کاروباری اور سرمایہ کاری برادری کے نمائندگان شامل ہوں گے، جو روانڈا کے حکومتی اداروں، کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں اور کاروباری شراکت داری کے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ سرمایہ کاری فورم کا ایک اہم سنگِ میل روانڈا اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارتی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔ہائی کمشنر ہاریرمانا فاتو نے کہا کہ سرمایہ کاری فورم روانڈا اور پاکستان کے تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ اور کاروباری سطح پر تعاون سمیت ایک مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے پاکستانی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ روانڈا کو صرف ایک مارکیٹ کے طور پر نہ دیکھیں بلکہ اسے وسیع افریقی منڈی تک رسائی کے دروازے کے طور پر استعمال کریں، جہاں سرمایہ کاری، پیداوار، مشترکہ منصوبوں اور علاقائی کاروباری توسیع کے وسیع مواقع موجود ہیں۔روانڈا کی ہائی کمشنر نے کہا کہ سرمایہ کاری فورم کے موقع پر دوطرفہ تجارتی معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مستحکم کرنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔سفیر حامد اصغر خان نے بھی پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ اور نجی شعبے کے لیے نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔روانڈا ہائی کمیشن نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی کاروباری وفد کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سطح پر روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دے گا اور سرمایہ کاری و باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
