اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متوقع احتجاج کے حوالے سے پولیس نے مظاہرین سے نمٹنے کے لیے سینکڑوں کنٹینرز پکڑ لیے ہیں، جن میں ادویات اور دیگر اہم اشیائے کے کنٹینرز شامل ہیں جبکہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس کا نوٹس بھی لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس نے ادویات اوراشیائے خوردونوش سے بھرے کئی کنٹینرز تحویل میں لے لیے ہیں، ان کنٹینرز میں ادویات راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے لائی جا رہی تھیں اور وفاقی پولیس کے اس اقدام سے جڑواں شہروں کے اسپتالوں اور میڈیکل اسٹورز پر ادویات کی کمی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ کنٹینرمالکان نے بتایا کہ کراچی سے آئے کنٹینرز جان لیوا سمیت خطرناک بیماریوں کے لیے ادویات سے لدھے ہوئے ہیں، گرمی کے باعث کنٹینرز میں موجود ادویات اور اشیائے خوردونوش خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی پولیس نے ہم سے کنٹینرز کی چابیاں اور کاغذات بھی لے لیے ہیں، ڈرائیونگ لائسنس، بلٹی رسید سمیت دوسری دستاویزات بھی پولیس نے لے لیے ہیں اورپتا نہیں یہاں کتنے دن رکنا پڑے۔کنٹینرمالکان کا کہنا تھا کہ کنٹینرز میں کروڑوں کی ادویات ہیں اور نقصان کا ذمہ دار کون ہوگا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ادویات کے کنٹینرز روکنے کے حوالے سے خبر کا فوری نوٹس لیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس اور چیف کمشنر اسلام آباد سے رابطہ کرکے ادویات کے تحویل میں لیے گئے کنٹینرز فوری طور پر ریلیز کرنے کے احکامات جاری کردیے۔محسن نقوی نے کہا کہ ادویات کے کنٹینرز اور گاڑیاں کسی صورت نہ روکی جائیں اور متعلقہ پولیس و انتظامی حکام اس ضمن میں ہدایات پر من و عن عمل یقینی بنائیں۔
متوقع احتجاج، وفاقی پولیس نے ادویات سمیت دیگر اشیا سے بھرے کنٹینر تحویل میں لے لیے، وزیر داخلہ کا نوٹس
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
