اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی۔ترجمان وزارت تجارت کے مطابق منگل کو منعقدہ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں سرمایہ کاری کے فروغ و تحفظ کے معاہدے پر مذاکرات تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔فِیپا مذاکرات کا آئندہ دور اکتوبر کے پہلے ہفتے میں منعقد کرانے پر بات چیت کی گئی ۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ سرمایہ کاری معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کا خواہاں ہے،سرمایہ کاروں کے جائز تحفظات دور کرکے سازگار کاروباری ماحول یقینی بنائیں گے۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ فِیپا معاہدہ کینیڈین سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔معاہدے سے قانونی تحفظ، ثالثی اور تنازعات کے حل کا موثر نظام میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ فِیپا پاکستان میں کینیڈین کمپنیوں اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے بنیادی قدم ہوگا۔پاکستان کی بڑی صارف منڈی کینیڈین سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع رکھتی ہے۔
کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم تین لاکھ سے زائد پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کا پل بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈین کمپنیوں کا وفد پاکستان میں آئندہ معدنیات سرمایہ کاری فورم میں شرکت کرے گا، ڈیری، حیوانی جینیات، خوردنی تیل، پھلوں کے جوس اور فوڈ پروسیسنگ میں تعاون کو وسعت دی جائے گی ۔ جام کمال نے کہا کہ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن اور مشترکہ منصوبوں سے تیسرے ممالک کو برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں۔ملاقات میں طیاروں کی لیزنگ، ایرو اسپیس اور فضائی رابطوں کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی ۔
وزیر تجارت جام کمال سے کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی خان کی ملاقات، دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
