لاہور(آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ پنجاب کو بعض اوقات ہمسایہ ملک سے زیادہ پڑوسی صوبوں سے دہشتگردی کا خطرہ درپیش ہے، تاہم مشکل سیکیورٹی حالات میں پنجاب کے تمام متعلقہ اداروں کا ایک یونٹ بن کر کام کرنا صوبے کی بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل صرف تصور کی سطح پر موجود پنجاب کا اے آئی حب ریکارڈ وقت میں مکمل کرکے آج لانچ کردیا گیا ہے۔
پنجاب اے آئی حب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ چند ماہ پہلے یہ منصوبہ صرف کانسیپٹ اسٹیج پر تھا، لیکن اللہ تعالی کے فضل سے اسے ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا اور آج اس کا پہلا مرحلہ لانچ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے دوسرے اور تیسرے مراحل بھی موجود ہیں، اس لیے یہ پنجاب کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے۔
وزیراعلی نے منصوبے کی تکمیل میں کردار ادا کرنے والے جنرل فیاض حسین شاہ سمیت تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجنگ حالات میں جس طرح قیادت، رابطہ کاری اور تعاون کے ذریعے اس منصوبے کو مکمل کیا گیا، وہ قابل تحسین ہے۔مریم نواز نے پولیس، محکمہ داخلہ، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ اور وفاقی و صوبائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے ایک یونٹ بن کر کام کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں پنجاب کا متحد ہو کر ایک ٹیم کی طرح کام کرنا صوبے کی بڑی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کو سیکیورٹی کے حوالے سے کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور افسوس کی بات ہے کہ بعض خطرات ہمسایہ ملک کے بجائے پڑوسی صوبوں کی جانب سے زیادہ ہیں۔ ان علاقوں سے دہشتگردی پنجاب میں داخل ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
