ہومپاکستانپاکستان کا نیپال میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے جانی نقصان پر اظہارِ تعزیت

پاکستان کا نیپال میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے جانی نقصان پر اظہارِ تعزیت

اسلام آباد،: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں کھولی گئی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور عوامِ نیپال کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی خطے کے ممالک کو غیر متناسب طور پر متاثر کر رہی ہے، جس کے نتیجے میں انسانی جانوں، روزگار اور بنیادی ڈھانچے کو سنگین نقصان کا سامنا ہے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتا افراد کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

انہوں نے نیپال کی امدادی اور بحالی کی کوششوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس قدرتی آفت کے اثرات پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔