ہومپاکستانپاکستان میں مہنگائی کی شرح اگست 2026میں 11.1فیصد تک پہنچ گئی،ادارہ شماریات

پاکستان میں مہنگائی کی شرح اگست 2026میں 11.1فیصد تک پہنچ گئی،ادارہ شماریات

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان بیورو آف شماریات (پی بی ایس)کے منگل کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مجموعی مہنگائی کی شرح اگست 2026 میں سالانہ بنیاد پر 11.1فیصد ریکارڈ کی گئی جو جولائی میں 9.2 فیصد تھی۔واضح رہے کہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی)اگست 2025 میں 3.1فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ماہانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور یہ اگست 2026 میں گزشتہ ماہ کی طرح 1.2 فیصد پر برقرار رہی جبکہ اگست 2025 میں ماہانہ بنیاد پر 0.6 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔شہری علاقوں میں سی پی آئی مہنگائی اگست 2026 میں سالانہ بنیاد پر 10.4 فیصد بڑھی جبکہ گزشتہ ماہ یہ اضافہ 8.7 فیصد اور اگست 2025 میں 3.5 فیصد تھا۔ماہانہ بنیاد پر شہری مہنگائی میں اگست 2026 کے دوران 0.9 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ ماہ یہ اضافہ 1.2 فیصد تھا اور اگست 2025 میں 0.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
دیہی علاقوں میں سی پی آئی مہنگائی اگست 2026 میں سالانہ بنیاد پر 12.2 فیصد بڑھی جبکہ گزشتہ ماہ یہ شرح 9.9 فیصد اور اگست 2025 میں 2.5 فیصد تھی۔ماہانہ بنیاد پر دیہی مہنگائی میں اگست 2026 کے دوران 1.6 فیصد اضافہ دیکھا گیا جبکہ گزشتہ ماہ یہ اضافہ 1.2 فیصد تھا اور اگست 2025 میں 0.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔حکومت نے اگست 2026 کے لیے جاری اپنے ماہانہ اقتصادی جائزے میں پہلے ہی یہ اندازہ ظاہر کیا تھا کہ عالمی اجناس اور توانائی کی قیمتوں کے دبا کے باعث اگست 2026 میں مہنگائی کی شرح 10 سے 11 فیصد کے درمیان بلند رہے گی۔
اقتصادی جائزے میں کہا گیا تھا کہ خطرات اب بھی موجود ہیں خصوصا جغرافیائی و سیاسی غیر یقینی صورتحال اور عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں کے حوالے سے جن کے مہنگائی اور بیرونی کھاتوں (ایکسٹرنل اکاونٹ)پر ممکنہ اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔جائزے میں مزید کہا گیا کہ مالی سال 2027 میں استحکام کو برقرار رکھنے اور شرحِ نمو کی رفتار کو جاری رکھنے کے لیے محتاط میکرو اکنامک انتظام اور اصلاحات کا تسلسل اہم رہے گا۔معاشی جائزے میں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے پالیسی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانا ضروری ہوگا تاکہ معیشت کو بیرونی جھٹکوں کے خلاف مزید مضبوط بنایا جا سکے اور میکرو اکنامک استحکام کے حاصل کردہ ثمرات کو برقرار رکھا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔