اسلام آباد (سب نیوز)صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور وائس چیئرمین ایس سی او بزنس کونسل عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران تنظیم کی باضابطہ صدارت سنبھال لی ہے۔اپنے اہم بیان میں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کا سال 2026-27 کے لیے ایس سی او کی صدارت سنبھالنا ایک نمایاں سفارتی کامیابی ہے۔
ان کے مطابق یہ صدارت پاکستان کے عالمی اور علاقائی کردار پر اعتماد کا اظہار ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کے پلیٹ فارم سے علاقائی تجارت اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی روابط کو وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔عاطف اکرام شیخ کے مطابق پاکستان کی صدارت میں ایس سی او کے اقتصادی ایجنڈے کو مزید موثر اور متحرک بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او بزنس کونسل علاقائی کاروباری برادری کو قریب لانے اور باہمی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایس سی او صدارت خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ اقتصادی ترقی کے فروغ کا بہترین موقع ہے۔ پاکستان وسطی ایشیا، چین، روس اور دیگر ایس سی او ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ وائس چیئرمین ایس سی او بزنس کونسل نے کہا کہ علاقائی رابطہ کاری، ٹرانزٹ ٹریڈ اور سرمایہ کاری ایس سی او کے اقتصادی تعاون کے بنیادی ستون ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایس سی او بزنس کونسل کے پلیٹ فارم سے پاکستانی تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے نئے کاروباری مواقع پیدا کیے جائیں گے۔
