ہومپاکستاننواز شریف سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، عوامی مسائل کے فوری حل پر زور

نواز شریف سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، عوامی مسائل کے فوری حل پر زور

لاہور(سب نیوز)صدر مسلم لیگ (ن)میاں نواز شریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف سے آزادکشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے ملاقات کی جس میں عوام کے مسائل کے فوری حل پر زور دیا گیا۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق بھی شریک ہوئے، صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی اور سپیکر طارق فاروق کو مبارک باد دی۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیر میں صحت، تعلیم، صفائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بہتری کے لیے پہلے 100 دنوں پر مشتمل اصلاحاتی منصوبہ وزیرِاعظم آزاد کشمیر کے ساتھ شیئر کیا اور آزاد جموں و کشمیر کو جدت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ہدایت کی۔میاں نواز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے انتخابی مہم میں جو وعدے کئے تھے، اب انہیں عملی شکل دینے کا وقت ہے، میں نے آزاد کشمیر کے عوام سے کہا تھا مسلم لیگ (ن)کی حکومت ان کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائے گی۔نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات، بہتر سڑکیں اور بنیادی انفراسٹرکچر عوام کا حق ہے، آزاد کشمیر کے دور دراز علاقوں تک ترقی کے ثمرات پہنچنے چاہئیں، صرف بڑے شہروں تک ترقی محدود نہیں رہنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے تعلیم، ہنر اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں، 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام میں ایسے اقدامات شامل کیے جائیں جن کا فائدہ براہ راست عام شہری کو پہنچے، جو وعدے آزاد کشمیر کے عوام سے کئے گئے، ان کی تکمیل کی رفتار اور پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی کی جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کو وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کیلئے وفاق ہر ممکن وسائل اور تعاون فراہم کرے گا، آزاد کشمیر کے عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی بہتر فراہمی کیلئے وفاق اور آزاد کشمیر حکومت مل کر کام کریں۔شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کے فوری حل پر خصوصی توجہ دی جائے، آزاد کشمیر کے نوجوانوں کیلئے روزگار، ہنرمندی اور معاشی مواقع بڑھانے کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔