لاہور (سب نیوز)
وزیر دفاع کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ، مسافروں کی سہولت اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
لاہور – وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا اور مسافروں کی سہولت کے انتظامات اور جاری انفراسٹرکچر ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔
ایئرپورٹ آمد پر وفاقی وزیر دفاع کا استقبال قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر/ایئرپورٹ منیجر اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔
اے ایس ایف سیکنڈ ہولڈ (انٹرنیشنل) ایریا کے دورے کے دوران وزیر دفاع نے خواتین مسافروں کی طویل قطار کا مشاہدہ کیا اور مسافروں کی سہولت اور کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اضافی سرچ کاؤنٹر کھولنے کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر دفاع نے نئے تعمیر شدہ امیگریشن ایریا کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور جاری بقیہ تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ قائم مقام چیف آپریٹنگ آفیسر/ایئرپورٹ منیجر نے انہیں ترقیاتی کاموں اور اس دوران ائیرپورٹ پر مسافروں کی جلد پراسیسنگ اور دیگر سہولیات کے لیے کیے جانے والے انتظامات سے آگاہ کیا۔
وزیر دفاع نے انٹرنیشنل ڈپارچر جوائنٹ سرچ ایریا اور دیگر مسافر سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مسافروں کی سہولت اور خدمات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ بعد ازاں، وفاقی وزیر دفاع نے زیر تعمیر ڈومیسٹک ڈپارچر ایریا کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کام، مجوزہ سہولیات اور منصوبے کی مجموعی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔ وزیر دفاع نے ڈپارچر ڈراپ آف لین پر ٹریفک کے رش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسافروں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اس کی نمایاں توسیع کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا۔
دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر دفاع اسٹیٹ لاؤنج روانہ ہوئے۔
