ہومتازہ ترینیمن کے محققین کے لیے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی جانب سے فیلوشپس کا اعلان

یمن کے محققین کے لیے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی جانب سے فیلوشپس کا اعلان

راولپنڈی، : فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی (ایف جے ڈبلیو یو) راولپنڈی میں جمعرات 27 اگست کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں COMSTECH-CCoE یمن پروگرام کے تحت یمنی تحقیقی اسکالرز کے لیے فیلوشپ مواقع فراہم کرنے اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ مرزا (پرائیڈ آف پرفارمنس، تمغۂ امتیاز) نے یمن کے سفیر محمد مطہر العاشبی، سفارتخانہ یمن کے تعلیمی و قونصلر مشیر ڈاکٹر عبدالرحمن الصالحی، OIC-COMSTECH کے CCoE و آؤٹ ریچ کوآرڈینیٹر محمد مرتضیٰ نور اور سینئر پروگرام منیجر اکرام عباسی کا خیرمقدم کیا۔

اجلاس میں یمنی اسکالرز کے لیے جامع تعلیمی اور ادارہ جاتی معاونت کے فریم ورک پر غور کیا گیا، جس میں رہائش، ٹیوشن فیس میں رعایت، تحقیقی سہولیات تک رسائی، فیکلٹی کی جانب سے رہنمائی اور COMSTECH کی طرف سے سفری و پروگرام انتظامی سہولت کاری شامل ہے۔

اجلاس میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی پرو وائس چانسلر و ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عذرا یاسمین، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عفیفہ امتیاز، رجسٹرار نسیم اختر اور ڈائریکٹر ORIC ڈاکٹر حشام اختر بھی شریک ہوئے۔

OIC-COMSTECH، اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کا ایک اہم سائنسی ادارہ ہے جو رکن ممالک میں سائنسی و تحقیقی استعداد کار بڑھانے کے لیے کام کرتا ہے۔ ادارہ OIC رکن ممالک کے محققین کو تحقیقی گرانٹس، تربیتی پروگرامز اور فیلوشپس فراہم کرتا ہے۔

COMSTECH کے نمایاں فیلوشپ پروگرامز میں COMSTECH-یمن پروگرام، COMSTECH-فلسطین پروگرام اور سائنس اِن ایکزائل پروگرام شامل ہیں، جبکہ مختلف ممالک کے لیے مخصوص دیگر پروگرامز بھی جاری ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔