لاہور (سب نیوز)امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز نے مشیر وزیراعلی پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی، جس میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے آئندہ دورہ امریکا اور پاک امریکا تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا دورہ امریکا پنجاب اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ دورہ پنجاب میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کو مصنوعی ذہانت کا عالمی مرکز بنانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داری وزیراعلی مریم نواز شریف کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ امریکہ کے ساتھ تعاون کے ذریعے پنجاب میں عالمی معیار کی ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری لانے کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
مشیر وزیراعلی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پنجاب کے مستقبل کا اہم حصہ ہیں اور امریکا کے ساتھ تعاون کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔علی ڈار کے مطابق دی آفس آف اے آئی پنجاب امریکا کے ساتھ نالج ایکسچینج، ٹیکنالوجی پارٹنرشپس اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعاون کے لیے کام کر رہا ہے۔
امریکی قونصل جنرل کی مشیر وزیراعلی پنجاب علی ڈار سے ملاقات، پاک امریکا تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
