ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان، امریکہ اقتصادی و کاروباری روابط کے فروغ میں پی اے سی سی سی کے کردار کو سراہنا

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان، امریکہ اقتصادی و کاروباری روابط کے فروغ میں پی اے سی سی سی کے کردار کو سراہنا

پہلی سالانہ تقریب پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی اتحاد، انضمام اور باہمی اعتماد کے لیے بڑھتی ہوئی کوششوں کی عکاس

شکاگو،: پاکستان امریکن شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس (پی اے سی سی سی ) نے شکاگو میں اپنی پہلی سالانہ گالا تقریب کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، کاروبار، کاروباری شراکت داری اور باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔

تقریب میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری رہنماؤں، صنعت کاروں، پیشہ ور افراد، سرمایہ کاروں، کمیونٹی نمائندوں اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے چیمبر کے قیام کے پہلے سال کی تکمیل پر اس کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

تقریب کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے (پی اے سی سی سی ) کو پہلی سالانہ گالا تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی و پیشہ ورانہ روابط مضبوط بنانے کے لیے چیمبر کی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروباری رہنماؤں، صنعت کاروں، پیشہ ور افراد اور سرمایہ کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی PACCC کی کاوشیں تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان اور عالمی برادری کے درمیان ایک اہم پل قرار دیتے ہوئے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں پیدا ہونے والے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، خصوصاً معدنیات، زراعت، توانائی، ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں۔

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے بھی (پی اے سی سی سی ) کو پہلی سالانہ گالا تقریب پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سنگِ میل چیمبر کے روشن آغاز اور پاکستان، امریکہ تجارتی روابط کے فروغ میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

سفیر نے پاکستان کے حالیہ دورے پر آنے والے امریکی کاروباری وفد میں (پی اے سی سی سی ) کی شرکت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وفد کے ارکان نے وزیراعظم، اعلیٰ حکام اور کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں اور تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔

انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ (پی اے سی سی سی ) جیسے اداروں کے ذریعے اجتماعی طور پر کام کرے اور چیمبر کو امریکہ کے وسط مغربی خطے میں اپنا نیٹ ورک مزید وسعت دینے کی ترغیب دی۔

شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل زمان مہدی نے بھی پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی و پیشہ ورانہ روابط کے فروغ کے لیے PACCC کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد، سرمایہ کاروں اور پیشہ ور افراد کو دونوں ممالک کی مارکیٹوں میں دستیاب مواقع سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

(پی اے سی سی سی ) کے بانی اور صدر نوید انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گالا محض چیمبر کے پہلے سال کی تکمیل کا جشن نہیں بلکہ مستقبل کی سمت کا تعین کرنے اور اس کے بنیادی مقصد کی تجدید کا موقع بھی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’پاکستان امریکن شکاگولینڈ چیمبر آف کامرس کا وژن پاکستان اور امریکہ کی کاروباری برادریوں کے درمیان ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد پل کا کردار ادا کرنا ہے۔‘‘

نوید انور نے کہا کہ پاکستانی کاروباری اداروں کو امریکی مارکیٹ میں داخل ہونے اور اپنی موجودگی وسعت دینے میں مدد فراہم کرنا (پی اے سی سی سی ) کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ٹیکسٹائل، خوراک، زراعت، آئی ٹی، صحت سے متعلق مصنوعات، کھیلوں کے سامان اور پیشہ ورانہ خدمات کے شعبوں کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ PACCC پاکستانی برآمد کنندگان کو امریکی قوانین، معیار، سرٹیفکیشن، دستاویزات اور مارکیٹ کی ضروریات سے متعلق رہنمائی فراہم کرے گا۔

انہوں نے ٹیکنالوجی، زراعت، مینوفیکچرنگ، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور توانائی کے شعبوں میں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے یونیورسٹیوں کے ساتھ شراکت داری، رہنمائی اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے پروگراموں کو مضبوط بنانے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ (پی اے سی سی سی ) کی بنیاد شکاگولینڈ میں ہے، تاہم اس کا وژن علاقائی اور قومی سطح پر ہے، جس کے تحت مستقبل میں ایک وسیع تر (پی اے سی سی سی ) Midwest پلیٹ فارم تشکیل دینے کا ارادہ ہے۔

PACCC کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بٹ نے چیمبر کی قیادت، ارکان اور شراکت داروں کو پہلے سال کے دوران مضبوط بنیاد قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کاروباری برادری کے اندر اتحاد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ (پی اے سی سی سی ) تجارت، سرمایہ کاری، پیشہ ورانہ روابط اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے عملی مواقع پیدا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

DEVCOM-Pakistan کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر منیر احمد نے پاکستان، امریکہ کاروباری اور پیشہ ورانہ روابط کے لیے (پی اے سی سی سی ) کے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر ابھرنے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی مہارت، روابط اور کاروباری صلاحیتوں کو مضبوط دوطرفہ شراکت داریوں میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کاروباری برادری، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور نوجوان پیشہ ور افراد کو باہم جوڑنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے آنے والی نسل کے لیے پائیدار مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

گالا تقریب میں صحت کے شعبے میں تعاون کے مواقع پر خصوصی پینل ڈسکشن بھی منعقد ہوئی، جس کی میزبانی ڈاکٹر ثروت شاہین نے کی۔ پینل میں ڈاکٹر شاہد احسان، ڈاکٹر ناہید قیوم، ڈاکٹر سمیر شفیع، APNA کے نومنتخب صدر ڈاکٹر آفتاب خان اور ڈاکٹر آصف علی نے شرکت کی۔

پینل ڈسکشن میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان صحت کے شعبے میں پیشہ ورانہ، ادارہ جاتی اور کاروباری تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز امریکہ اور پاکستان کے قومی ترانوں سے ہوا، جس کے بعد کمیونٹی اور کاروباری رہنماؤں کے ویڈیو پیغامات اور خطابات پیش کیے گئے۔

اس موقع پر نمایاں خدمات اور کامیابیوں کے اعتراف میں ایوارڈز بھی پیش کیے گئے، جبکہ عشائیے اور تفریحی پروگرام کے دوران شرکاء کو باہمی روابط بڑھانے اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے دوطرفہ تعلقات میں بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرنے کا موقع ملا۔

تقریب میں (پی اے سی سی سی ) کی قیادت، ایگزیکٹو کمیٹی، ارکان، اسپانسرز اور شراکت داروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ خصوصاً اسد باجوہ کی خدمات کا اعتراف کیا گیا، جو (پی اے سی سی سی ) کے قیام کے ابتدائی مرحلے سے اس کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔ شرکاء نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

گالا تقریب کا اختتام پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی، اقتصادی و پیشہ ورانہ روابط اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔