ہومپاکستانچیئرمین سینیٹ سے اعلی سطح قطری وفدکی ملاقات، تجارتی ، سرمایہ کاری روابط مستحکم بنانے پر زور

چیئرمین سینیٹ سے اعلی سطح قطری وفدکی ملاقات، تجارتی ، سرمایہ کاری روابط مستحکم بنانے پر زور

اسلام آباد(سب نیوز) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قطر کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کی، جس کی قیادت قطر کی ممتاز کاروباری شخصیت اور شاہی خاندان کے سینئر رکن، شیخ نایف بن عید آل ثانی نے کی۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت، مذہب اور صدیوں پر محیط مفادِ باہمی پر مبنی تجارتی روابط پر استوار ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور سماجی و سیاسی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے وفد کو بین پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا موضوع موجودہ عالمی ماحول کے تناظر میں امن، سلامتی اور ترقی ہے اور جس کے بانی چیئرمین کی حیثیت سے انہوں نے اس کانفرنس کا آغاز کیا۔ انہوں نے بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس، اسلام آباد میں قطر کے معزز اسپیکر کی شرکت کو سراہا۔چیئرمین سینیٹ نے عالمی اور علاقائی سطح پر امن اور مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا اور مسلم ممالک کے درمیان اتحاد، امن اور استحکام کے فروغ میں مکہ معاہدے کی اہمیت کو سراہا۔ انہوں نے شیخ نایف بن عید آل ثانی کی کاروباری بصیرت اور پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط معاشی و تجارتی روابط کے فروغ میں ان کے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔چیئرمین سینیٹ نے قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیاحت، زراعت، توانائی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

معزز مہمان شیخ نایف بن عید آل ثانی نے چیئرمین سینیٹ کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور امن، مکالمے، ترقی اور علاقائی تعاون کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مکہ معاہدے کو بھی سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے میں مزید استحکام، سلامتی اور مسلم دنیا کے اتحاد کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔قطری وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ معزز شیخ نایف نے قطر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے مزید سہولیات اور تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔چیئرمین سینیٹ کی مشیر اور آئی ایس سی کی سفیر محترمہ مصباح کھر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔