ہومپاکستانچیف جسٹس سے انگلینڈ اینڈ ویلز ہائی کورٹ کے جج جسٹس کی ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال

چیف جسٹس سے انگلینڈ اینڈ ویلز ہائی کورٹ کے جج جسٹس کی ملاقات، باہمی امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان سے انگلینڈ اینڈ ویلز ہائی کورٹ کے جج جسٹس مارٹن گریفتھس نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور برطانیہ کے عدالتی و قانونی اداروں کے درمیان ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جسٹس مارٹن گریفتھس ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں اور جوڈیشل کالج آف انگلینڈ اینڈ ویلز کی ٹریننگ کمیٹی کے چیئرمین جبکہ انر ٹیمپل کی انٹرنیشنل کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔ملاقات میں سپریم کورٹ کے ججز جسٹس محمد شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، وفاقی جوڈیشل اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان بار کونسل کے ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن نے بھی شرکت کی۔
دوسری جانب دوران گفتگو عدالتی تربیت، ججز کی پیشہ ورانہ ترقی اور استعدادِ کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، وفاقی جوڈیشل اکیڈمی اور جوڈیشل کالج آف انگلینڈ اینڈ ویلز کے درمیان منظم تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔شرکا نے ججز کی عدالتی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، تربیتی طریقہ کار، ادارہ جاتی تجربات اور بہترین عدالتی روایات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر انر ٹیمپل اور پاکستان کی قانونی برادری کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے، وکالت کی تربیت، مسلسل قانونی تعلیم اور وکلا کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف جسٹس آف پاکستان نے برطانیہ کے عدالتی اور قانونی اداروں کے ساتھ روابط کو سراہتے ہوئے عدالتی تعلیم اور پیشہ ورانہ استعدادِ کار کے شعبوں میں عملی اور پائیدار ادارہ جاتی تعاون کی امید کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔