ہومتازہ ترینکیوبا میں طبی قلت، پاکستانی ڈاکٹروں نے ادویات و طبی سامان کی عطیہ مہم شروع کردی

کیوبا میں طبی قلت، پاکستانی ڈاکٹروں نے ادویات و طبی سامان کی عطیہ مہم شروع کردی

اسلام آباد،(سب نیوز) : کیوبا سے فارغ التحصیل پاکستانی ڈاکٹروں کی ایسوسی ایشن (پی سی ڈی اے) نے کیوبا میں بچوں، مریضوں اور مستحق افراد کے لیے ادویات اور طبی سامان فراہم کرنے کی غرض سے عطیہ مہم شروع کردی ہے۔ اس مہم کا مقصد امریکی پابندیوں میں اضافے کے باعث جزیرے میں پیدا ہونے والی طبی اشیا کی قلت کو کم کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

کیوبا کے سفارتخانے کے تعاون سے پاکستانی ڈاکٹر خود یہ طبی سامان سفارتی مشن تک پہنچا رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ ادویات و طبی سامان جمع کرکے کیوبا بھیجنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

صرف دو روز کے دوران اسلام آباد، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں مقیم ڈاکٹروں نے کیوبا کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور ادویات، اینٹی بایوٹکس اور دیگر طبی سامان پر مشتمل عطیات کے پہلے باکس سفارتخانے کے حوالے کیے۔

مہم کے منتظمین نے امید ظاہر کی ہے کہ مزید پاکستانی ڈاکٹر اور مخیر حضرات بھی اس انسانی ہمدردی کی مہم میں حصہ لیں گے تاکہ کیوبا کے ضرورت مند افراد تک زیادہ سے زیادہ طبی امداد پہنچائی جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔