ہومبریکنگ نیوزپاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر بحرین کا خیرمقدم

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر بحرین کا خیرمقدم

اسلام آباد: (آئی پی ایس) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر بحرین نے بھی مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے پر انہیں مبارکباد دی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے گزشتہ شب اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر مبارکباد پیش کی اور اس اہم پیش رفت کو سراہا۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے اس موقع پر مستقبل قریب میں پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرینی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کی خواہش کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور ان کے نیک جذبات پر شکریہ ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کے لیے بات چیت، سفارتی روابط اور پرامن ذرائع کو اہمیت دیتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔