دوشنبے، (خصوصی رپورٹ): تاجکستان کرکٹ فیڈریشن(ٹی سی ایف ) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی ںی) نے جمہوریہ تاجکستان میں کرکٹ کے فروغ اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت دونوں ممالک کرکٹ کی تکنیکی، تربیتی اور انتظامی ترقی کے مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعاون کریں گے۔
یہ معاہدہ تاجکستان میں کرکٹ کی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے کوچنگ، کھلاڑیوں کی تربیت، کرکٹ انتظامیہ، انفراسٹرکچر، ہائی پرفارمنس پروگرامز اور گراس روٹ سطح پر کھیل کے فروغ کے لیے جامع تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ تاجکستان کرکٹ فیڈریشن کو بین الاقوامی معیار کے پاکستانی کوچز کی خدمات، آئی سی سی کے معیار کے مطابق کوچنگ ایجوکیشن پروگرامز، امپائرز، میچ ریفریز، اسکوررز اور کرکٹ منتظمین کی تربیت، تاجکستان میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے قیام، اسکولوں، جامعات اور مقامی کمیونٹیز میں کرکٹ کے فروغ، خواتین کی کرکٹ کی ترقی، قومی اور یوتھ ٹیموں کے لیے ہائی پرفارمنس کیمپس، اسپورٹس سائنس، فٹنس، انجری سے بچاؤ، ویڈیو اینالیسز، جدید کرکٹ ڈیٹا اینالیٹکس، ڈومیسٹک کرکٹ ڈھانچے کی مضبوطی اور ٹیلنٹ ہنٹنگ کے نظام کی تشکیل سمیت مختلف شعبوں میں مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔
اس شراکت داری کے تحت تاجکستان کے کھلاڑیوں کو پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ کرکٹ اکیڈمیوں میں تربیتی کیمپوں اور ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا، جہاں وہ بین الاقوامی معیار کی کوچنگ اور جدید تربیتی سہولیات سے استفادہ کریں گے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان میں تاجکستان کے غیرمعمولی و مکمل اختیارات کے حامل سفیر یوسف شریف زادہ کے درمیان اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں کرکٹ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون، تکنیکی شراکت داری، کوچنگ پروگرامز، کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی اور تاجکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے پائیدار ترقی کے مواقع پیدا کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ نہ صرف ایک مقبول کھیل ہے بلکہ ثقافتی سفارت کاری، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں، عوامی روابط اور بین الاقوامی دوستی کے فروغ کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے تاجکستان کرکٹ فیڈریشن کو تکنیکی مہارت، تربیتی پروگرامز، کوچنگ ایکسچینج اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے اس شراکت داری کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ اکیڈمیوں، کھیلوں کے اداروں اور نجی شعبے کے ساتھ متعدد ملاقاتوں اور مشاورت کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان اس جامع تعاون کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ دنیا کے تیزی سے مقبول ہونے والے کھیلوں میں شامل ہے اور اس کے ذریعے تاجک نوجوانوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ تاجکستان اور پاکستان کے عوام کے درمیان دوستی اور باہمی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سفارت کاری دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور تعلیمی، ثقافتی اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اپنے دورہ پاکستان کے دوران سفیر یوسف شریف زادہ نے سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے کرکٹ کا سامان تیار کرنے والی معروف کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر تاجکستان کو آئی سی سی معیار کا کرکٹ سامان فراہم کرنے، مستقبل میں مشترکہ تعاون اور تاجکستان کرکٹ فیڈریشن کی برانڈنگ کے ساتھ خصوصی کرکٹ آلات کی تیاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر یوسف شریف زادہ نے اس موقع پر کہا کہ تاجکستان کرکٹ فیڈریشن ایشین کرکٹ کونسل (ACC) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) کی تسلیم شدہ رکن ہے، جس کے باعث تاجکستان کو بین الاقوامی مقابلوں، ترقیاتی پروگراموں، تکنیکی معاونت اور تعلیمی وسائل تک رسائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا وژن کرکٹ کو تاجکستان کے تیزی سے فروغ پانے والے کھیلوں میں شامل کرنا اور ملک کو وسطی ایشیا کی ایک ابھرتی ہوئی کرکٹ طاقت کے طور پر متعارف کرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ یہ تاریخی تعاون تاجکستان میں کرکٹ کے روشن مستقبل کی بنیاد ثابت ہوگا اور اس سے کھیل کے تکنیکی معیار، کوچنگ، انفراسٹرکچر، گراس روٹ شرکت اور ادارہ جاتی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
تاجکستان کرکٹ فیڈریشن نے اس تاریخی شراکت داری کے قیام میں تعاون، رہنمائی اور مسلسل حمایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ سے دلی تشکر کا اظہار کیا۔
