ہومپاکستانیومِ استحصالِ کشمیر: ایف پی سی سی آئی کا کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

یومِ استحصالِ کشمیر: ایف پی سی سی آئی کا کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

اسلام آباد: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، نائب صدر طارق جدون، چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کریم عزیز ملک سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی یکطرفہ اقدام غیرقانونی، غیرآئینی اور ناقابلِ قبول ہے، جس نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق، انصاف اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کشمیری عوام کے ساتھ مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لے اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، تجارت اور معاشی ترقی مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے مشروط ہے۔ انہوں نے عالمی چیمبرز آف کامرس اور سرمایہ کار تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کی آواز بنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر متحد ہے، کشمیری عوام تنہا نہیں اور پاکستان ہر عالمی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر ایف پی سی سی آئی طارق جدون نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتی ہے اور عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔

چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کریم عزیز ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 اگست 2019 کا بھارتی غیرقانونی اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن، تجارت اور معاشی استحکام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے وابستہ ہیں اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی کشمیری عوام کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی رہے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔