اسلام آباد:(سب نیوز) سندھ پروونشل سول سروس کے تیسرے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا نے آج نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران چیئرمین نیب نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدمتِ عامہ اور قومی ترقی کے لیے دیانت داری، شفافیت اور احتساب بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف عدم برداشت کا رویہ اپنائیں اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔
چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ذاتی استعداد، مضبوط کردار اور پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ کے بغیر مؤثر اور معیاری خدمتِ عامہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران کو عوامی مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھنا چاہیے۔
اس موقع پر ڈی جی آپریشنز نیب نے ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران نیب نے 14.485 ٹریلین روپے (51.73 ارب امریکی ڈالر) کی غیر معمولی ریکوریاں کی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیب کی موجودہ ترجیحات میں سرکاری اثاثوں اور اراضی کی بازیابی، مالیاتی فراڈ، منی لانڈرنگ اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مقدمات پر مؤثر کارروائی شامل ہے۔
شرکا نے نیب کی کارکردگی، احتسابی نظام اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ کو سراہتے ہوئے اس دورے کو پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے کے لیے مفید قرار دیا۔
