امریکی فوج نے ایران کے خلاف مسلسل ساتویں رات حملوں کی لہر مکمل کرلی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق ان حملوں میں نگرانی کے مراکز، فوجی لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے، زیرِ زمین ہتھیاروں کے ذخائر اور بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی فورسز نے دیگر ذرائع کے علاوہ جنگی طیاروں، فضائی ڈرونز اور جنگی بحری جہازوں کا بھی استعمال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ سینٹکام کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر ایران کو جواب دہ ٹھہرانے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور ایرانی بندرگاہوں کے خلاف بحری ناکہ بندی پر مکمل طور پر عمل درآمد کر رہا ہے۔50 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار مشرق وسطیٰ میں تعینات ہیں اور مسلسل چوکس، مہلک کارروائی کے لیے تیار اور مکمل طور پر مستعد ہیں۔
ایران کے صوبے ہرمزگان میں امریکی فضائی حملوں میں 3 افراد شہید: ایرانی میڈیا
ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق صوبہ ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر نے کہا ہے کہ امریکی فضائی حملوں میں 3 افراد شہید ہوگئے۔
عہدیدار کے مطابق حملوں میں مزید 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز بھی ایران نے ہرمزگان صوبے پر امریکی حملوں میں 8 شہری شہید ہوئے تھے۔ شہدا میں 4 خواتین اور 2 معذور بھائیوں سمیت 4 مرد شامل ہیں۔
امریکی حملوں میں شہید ایرانیوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے: عباس عراقچی
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں شہید ہونے والوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
عباس عراقچی نے امریکی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ آخری سانس تک وطن کا دفاع کیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا تینوں افراد بندرخمیر پُل سے گزر رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔
