اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کے فارماسیوٹیکل تعاون سے سستی ادویات، سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان چین فارماسیوٹیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی مخلص، قابلِ اعتماد اور آزمودہ دوست ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں، جبکہ چین کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی سے جڑی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)دونوں برادر ممالک کے درمیان ترقی، خوشحالی اور اقتصادی تعاون کا مضبوط پل ہے، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ صنعتی، تجارتی اور خصوصا دواسازی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے تاکہ دونوں ممالک اس شعبے میں مشترکہ ترقی حاصل کر سکیں۔شہباز شریف نے کہا کہ چین کی جانب سے پاکستان کے فارماسیوٹیکل سیکٹر میں سرمایہ کاری انتہائی خوش آئند ہے۔ پاکستان ادویات سازی کے شعبے میں چینی مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چین کے ساتھ فارماسیوٹیکل شعبے میں بزنس ٹو بزنس شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے تاکہ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے مقامی صنعت کو مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان فارماسیوٹیکل تعاون سے نہ صرف معیاری ادویات کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ برآمدات بھی بڑھیں گی، جس سے قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔
اس تعاون کے نتیجے میں عوام کو معیاری اور سستی ادویات کی فراہمی ممکن ہوگی، جبکہ پاکستان میں دواسازی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور جدید تحقیق و ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دواسازی کے شعبے میں مشترکہ منصوبے مستقبل میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب کے دوران علاقائی صورتحال کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں خطے کو جنگ سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں بھی کیں، جن کے نتیجے میں اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، جو امن، استحکام اور سفارتی کوششوں کی کامیابی کا مظہر ہے۔وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین مستقبل میں بھی ہر شعبے، بالخصوص صحت، دواسازی، تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری میں اپنے تعاون کو مزید وسعت دیں گے تاکہ دونوں ممالک کی عوام اس شراکت داری کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
