اسلام آباد:(سب نیوز) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے بینک فراڈ کے ایک اہم مقدمے میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شہری کو اس کے اکاؤنٹ سے نکلوائی گئی 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے کی مکمل رقم واپس دلوا دی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق الائیڈ بینک لمیٹڈ کی افشاں کالونی برانچ، راولپنڈی سے متعلق موصول ہونے والی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ 15 اور 16 نومبر کی درمیانی شب مختلف آئی بی ایف ٹیز (IBFT) اور راست (Raast) پیمنٹس کے ذریعے اس کے اکاؤنٹ سے 28 لاکھ 39 ہزار 500 روپے اس کی اجازت کے بغیر منتقل کر لیے گئے، جبکہ اس دوران موبائل فون پر کسی قسم کا ٹرانزیکشن الرٹ بھی موصول نہیں ہوا۔
ایف آئی اے نے معاملے کی مکمل چھان بین کرتے ہوئے بینک سے متعلقہ ریکارڈ حاصل کیا۔ تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر بینک انتظامیہ کو ذمہ دار قرار دیا گیا، جس کے بعد الائیڈ بینک نے متاثرہ شہری کی مکمل رقم واپس اس کے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مالیاتی اور بینکاری فراڈ سے متعلق انتہائی محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک لین دین یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔
