اسلام آباد(سب نیوز)سی ڈی اے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی نجکاری کسی بھی صورت قبول نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے ہر جمہوری و قانونی فورم پر ملازمین کے حقوق کا دفاع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین، صدر اورنگزیب خان، چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی، سپریم ہیڈ مرزا سعید اختر، وارث دلیپ، طارق شریف،ملک دلشاد، سلیم بھٹی،فاروق نور،اشفاق گجر،کلیم اللہ زمری،فیصل خان،سلیم راجپوت،الیاس طفیل،رانا ندیم،حاجی جنیداور دیگر عہدیداران نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔
مزدوررہنماوں نے کہا کہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی نجکاری مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے ادارے کی کارکردگی اور ملازمین کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجکاری پر خطیر اخراجات کرنے کے بجائے یہی وسائل جدید مشینری، گاڑیوں اور صفائی کے آلات کی خریداری پر خرچ کیے جائیں اور یہ سہولیات ادارے کے موجودہ ملازمین کو فراہم کی جائیں تاکہ وہ مزید مثر انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکیں۔انھوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو صاف ستھرا رکھنے میں سی ڈی اے کے سینی ٹیشن عملے بالخصوص مسیحی ملازمین کا کردار ہمیشہ نمایاں اور قابلِ تحسین رہا ہے۔
عیدین، کرسمس، قومی تقریبات اور ہنگامی حالات سمیت ہر موقع پر صفائی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتا ہے جس کی بدولت شہر کی خوبصورتی اور صفائی کے معیار کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔یونین رہنماوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اور سی ڈی اے انتظامیہ سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کو جدید مشینری، مناسب وسائل اور درکار افرادی قوت فراہم کرے تو ادارے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور شہریوں کو صفائی کی معیاری سہولیات میسر ہوں گی۔ انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے،ممبرایڈمنسٹریشن،ممبرانوائرمنٹ اور متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ نجکاری کے منصوبے پر نظرثانی کرتے ہوئے ملازمین کے تحفظات دور کیے جائیں اور ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
سی ڈی اے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں،چوہدری محمد یسین
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
