ہومپاکستانچین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی روابط اور معاشی ترقی کا اہم محرک ہے، قائم مقام صدریوسف رضا گیلانی

چین پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی روابط اور معاشی ترقی کا اہم محرک ہے، قائم مقام صدریوسف رضا گیلانی

اسلام آباد (سب نیوز)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کو علاقائی روابط اور معاشی ترقی کا اہم محرک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور پارلیمانی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پاکستان چائنا اکنامک اینڈ کلچرل کونسل کے زیر اہتمام جمعرات کو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا تھا۔ سیمینار میں ملک کی اہم سیاسی شخصیات، ارکان پارلیمنٹ، سفارتکاروں، پالیسی ماہرین اور چین کے سفیر سمیت سفارتخانہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے چین کے صدر شی جن پنگ کے پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریے کی عالمی اہمیت اور دیرینہ پاک۔چین شراکت داری پر تبادلہ اظہار خیال کیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے کہا کہ پاک۔چین تعاون دفاع، تجارت، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں تک پھیل چکا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت میں چین کی شاندار ترقی مضبوط اداروں، طویل المدتی منصوبہ بندی اور موثر طرز حکمرانی کی اہمیت کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے ایک صدی سے زائد عرصے کے دوران غیر معمولی ادارہ جاتی مضبوطی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجہ میں چین نے بے مثال معاشی تبدیلی حاصل کی اور اس نے کروڑوں افراد کو غربت سے نکالا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں عالمی ترقی میں نمایاں کردار کی حامل ہیں۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ شی جن پنگ کا پارٹی کی تعمیر سے متعلق نظریہ خود احتسابی، اندرونی جوابدہی اور بدعنوانی کے خلاف مضبوط موقف پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصول بالخصوص گلوبل ساتھ کی سیاسی جماعتوں اور اداروں کیلئے مفید رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ پائیدار اداروں کو عوام کے سامنے جواب دہ رہنا چاہئے، مسلسل اپنی تجدید کرتے رہنا چاہئے اور سیاسی استحکام کو ایسی ترقی میں تبدیل کرنا چاہئے جس سے عام شہری مستفید ہوں۔ پاک۔چین دیرینہ دوستی کا اعادہ کرتے ہوئے قائم مقام صدر نے اس تعلق کو باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور تزویراتی تعاون پر مبنی آہنی بھائی چارہ قرار دیا۔
انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو، چیئرمین مائو زے تنگ اور وزیراعظم چو این لائی کے وژن کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین تعاون دفاع، تجارت، بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت اور ثقافتی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں تک پھیل چکا ہے۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو علاقائی روابط اور معاشی ترقی کا ایک اہم محرک قرار دیا اور قدرتی آفات سمیت کوویڈ۔19 کی عالمگیر وبا کے دوران پاکستان کیلئے چین کی مستقل حمایت کو سراہا۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، صاف توانائی اور پارلیمانی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے سیمینار کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور پاکستان کے عوام کی جانب سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور چین کے عوام کو پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی۔ سیمینار سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور پاکستان۔چین اقتصادی و ثقافتی کونسل کے صدر بایزید برہان اللہ کاسی نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان اور چین کا باہمی تعلق دو حکومتوں کے درمیان نہیں بلکہ عوام کا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ گورنر نے کہا کہ چین کی عظیم معاشی کامیابی کے سفر سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ محض طاقت کے استعمال پر انحصار کرنے کے بجائے ترقی اور خوشحالی کے ذریعے دہشت گردی کا مثر طریقے سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے تجربے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی، معیارِ زندگی میں بہتری اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی ترقی انتہا پسندی کی بنیادی وجوہات کے خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کیلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ گزشتہ 105 سال کے دوران کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی شاندار کامیابیاں ترقی، جدیدیت اور عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے اس کے عزم کی عکاس ہیں۔ چینی سفیر نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے معاشی بحالی اور قومی ترقی میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں خاص طور پر چین۔پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون کرنے اور ہمہ موسمی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے چین کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سفیر نے سفارتی کوششوں میں سہولت کاری کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا جس کے نتیجے میں ایران اور امریکاکے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کو کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز اور جنگ بندی کی پاسداری کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کے تعمیری سفارتی کردار کی حمایت کی ہے۔ پاکستان۔چائنا اکنامک اینڈ کلچرل کونسل کے صدر بایزید برہان اللہ کانسی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سیمینار میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی تاریخ اور ترقی کو اجاگر کرنے کیلئے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔